عدالت عظمیٰ کا 30 نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنے کا حکم!

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو مستقل سیکریٹری قانون تعینات کرنے اور 30 نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت کردی۔
سپریم کورٹ میں 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام کے کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے مستقل سیکریٹری قانون کی عدم تعیناتی کا نوٹس لے لیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو مستقل سیکریٹری قانون تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون کو ایڈہاک ازم پر نہیں چلایا جاسکتا۔
سپریم کورٹ نے 30 نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ احتساب عدالتوں کے قیام کو کیوں لٹکایا جارہا ہے؟۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل سہیل محمود نے بتایا کہ وزارت خزانہ اور اسٹیبلشمنٹ سے منظوری ہوچکی، 11 جنوری سے عملے کی بھرتیاں شروع ہوں گی۔
عدالت عظمیٰ نے احتساب عدالت کراچی کو لاکھڑا پاور پلانٹ کرپشن کیس کا فیصلہ رواں ماہ ہی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیب اور حکومت سے پیش رفت رپورٹس طلب کرلی۔ کیس کی مزید سماعت فروری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

new ehtisaab courtsSupreme court of Pakistan