بیوہ و طلاق یافتہ خواتین کی شادی پر منفی سوچ ختم کی جائے، حمزہ عباسی

اسلام آباد: اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ اگر طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین دوبارہ شادی کرنا چاہیں تو ہمارے معاشرے میں اسے غلط نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہیے۔
اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارے معاشرے کا ایک مخصوص طبقہ ہے جو بیوہ اور طلاق یافتہ خاص طور پر جب ان کے بچے ہوں اور وہ دوسری شادی کرنا چاہیں تو اس چیز کو معیوب سمجھتا اور بری نگاہ سے دیکھتا ہے۔
حمزہ عباسی نے کہا کہ کوئی دوسری شادی کرنا چاہے یا نہ کرنا چاہے یہ سراسر اس شخص کا فیصلہ ہونا چاہیے، اس میں ہمیں نہیں بولنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری گزارش ہے کہ جو خواتین دوبارہ شادی کرنا چاہتی ہیں، ہمیں انہیں منفی نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہیے، کیونکہ یہ ان کا حق ہے جو انہیں ہمارے دین نے دیا ہے۔
حمزہ عباسی نے مزید کہا، یہ چیز اخلاقیات کے منافی ہے کہ کوئی اپنی زندگی کا ذاتی فیصلہ کرنا چاہے اور ہم اس میں دخل اندازی کریں۔