ولی عہد محمد بن سلمان سعودی عرب کے وزیراعظم مقرر

یاض: سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا وزیراعظم مقرر کردیا ہے۔
سعودی عرب کے خبر رساں ادارے کے مطابق فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے جاری شاہی فرمان میں ولی عہد محمد بن سلمان کو وزیراعظم سعودی عرب مقرر کیا گیا ہے۔
سعودی فرمانروا کی طرف سے جاری ایک اور فرمان میں شہزادہ خالد بن سلمان کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔
شاہی فرمان کے مطابق سعودی فرمانروا کی زیرصدرات ہونے والے کیبنٹ اجلاس میں ولی عہد محمد بن سلمان کی بطور وزیراعظم تقرری عمل میں آئی، اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی طرف سے وزرا پر مشتمل کابینہ کی بھی تشکیل نو کردی گئی۔
شاہی فرمان کے مطابق کابینہ میں شامل ہونے والے یوسف بن عبداللہ بن محمد کو وزارت تعلیم کا قلم دان دیا گیا ہے۔
کابینہ میں سابقہ حیثیت برقرار رکھنے والے وزرا میں شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بطور وزیر توانائی، شہزادہ فیصل بن فرحان وزیر خارجہ، خالد بن عبدالعزیز وزیر سرمایہ کاری، شہزادہ عبدالعزیز بن سعود وزیر داخلہ، محمد بن عبداللہ وزارت خزانہ کے منصب پر برقرار رہیں گے۔
اسی طرح دیگر وزارتوں پر برقرار رہنے والوں میں شہزاد عبداللہ بن بندر وزیر نیشنل گارڈ، ولید السمانی وزارت انصاف، عبداللطیف بن عدبالعزیز وزارت اسلامی امور، شہزادہ بدر بن عبداللہ وزیر ثقافت، شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی وزیر کھیل، توفیق بن فوازن وزارت حج و عمرہ اور ماجد بن عبداللہ وزیر تجارت ہوں گے۔
کابینہ میں شامل دیگر وزرا میں بندر بن ابراہیم وزیر صنعت و معدنیاتی وسائل، احمد الخطیب وزیر سیاحت، فیصل بن علی ابراہیم وزیر منصوبہ بندی اور فہد بن عبدالرحمان وزیر صحت کا قلم دان سنبھالیں گے۔

AppointMohammad Bin Salmanprime ministerSaudi Crown Prince