ٹروبا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس پاکستان کی تاریخ کے کامیاب ترین ٹیسٹ بولر بن گئے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹروبا میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران انہوں نے سابق کپتان عمران خان کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑتے ہوئے کم از کم 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولرز میں بہترین بولنگ اوسط کا اعزاز حاصل کرلیا۔
36 سالہ عباس نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں برینڈن کنگ، کیوم ہوج اور جسٹن گریوز کی وکٹیں حاصل کیں جب کہ پہلی اننگز میں بھی تین شکار کیے تھے۔
اس شاندار کارکردگی کے بعد ان کی 30 ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی تعداد 115 ہوگئی جب کہ بولنگ اوسط 22.78 ہوگئی۔
اس سے قبل سابق کپتان عمران خان 88 ٹیسٹ میچوں میں 362 وکٹیں 22.81 کی اوسط سے لے کر اس فہرست میں سرفہرست تھے جب کہ وقار یونس 23.56 کی اوسط کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ محمد عباس نے 2017 میں ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا تاہم بعد ازاں وہ تین سال سے زائد عرصے تک قومی ٹیم سے باہر رہے۔
دسمبر 2025 میں جنوبی افریقا کے دورے پر واپسی کے بعد وہ دوبارہ پاکستان کے اہم فاسٹ بولرز میں شامل ہوگئے۔
رواں سال وہ تین ٹیسٹ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جن میں ایک پانچ وکٹوں کی اننگز بھی شامل ہے۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی عباس 220 میچز میں 894 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔