فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی صدر پزشکیاں کی تہران میں ملاقات

تہران: پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران میں موجود ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈمارشل عاصم منیرنے ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور امریکا سے جاری مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی۔
ایرانی حکام کے مطابق ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن، استحکام، مغربی ایشیا کی سکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ روز ایران کے دورے پر پہنچے تھے جہاں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی پہلے ہی ایران میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ایران کی کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی ہیں اور امریکا کے ساتھ جاری تنازعات میں کمی کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔