لیونل میسی انجرڈ، کیا ورلڈکپ کھیل سکیں گے؟

بیونس آئرس: ارجنٹائن کو فٹ بال ورلڈکپ جتوانے والے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کی انجری سے متعلق خدشات نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی فٹ بال لیگ کے ایک میچ میں انٹر میامی کی نمائندگی کرتے ہوئے میسی کو کھیل کے دوران تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد انہوں نے خود ہی متبادل کی درخواست کی اور میدان سے باہر چلے گئے۔
یہ واقعہ فلاڈیلفیا یونین کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پیش آیا، جہاں بارش کے باعث گیلا میدان کھلاڑیوں کے لیے مشکل ثابت ہو رہا تھا۔
میچ کے 73 ویں منٹ میں میسی کو اپنی بائیں ٹانگ کے پچھلے حصے کو پکڑتے دیکھا گیا، جس کے بعد انہیں فوری میدان سے باہر بلالیا گیا۔
تاہم وہ ڈگ آؤٹ کی جانب جاتے ہوئے نارمل انداز میں چلتے دکھائی دیے۔
بعدازاں ٹیم کے کوچ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معاملہ زیادہ سنگین محسوس نہیں ہوتا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر میسی کو آرام دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خراب گراؤنڈ اور مسلسل کھیل کی وجہ سے میسی تھکن کا شکار تھے، اس لیے کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے انہیں تبدیل کیا گیا۔
واضح رہے کہ 38 سالہ میسی نے اب تک باضابطہ طور پر ورلڈ کپ کھیلنے کی تصدیق نہیں کی، تاہم توقع کی جارہی ہے کہ وہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی جانب سے اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔