کراچی: شہر قائد میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوسکتا ہے جب کہ محکمۂ موسمیات نے آئندہ دنوں کے لیے پیش گوئی بھی جاری کردی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پیر کو کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ شہر میں معمول سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جس سے موسم میں قدرے بہتری متوقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ آج اور کل کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جب کہ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان بھی موجود ہے۔
شہر میں ہواؤں کا رخ جنوب مغرب، یعنی سمندر کی جانب رہے گا، جس کے باعث سمندری ہوائیں موسم پر اثرانداز ہوں گی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، تاہم سمندری ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی محسوس کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دیہی سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔