دالیں، چنے اور لوبیا ہائی بلڈپریشر کے خطرے کو کم کرنے میں معاون

کراچی: حال ہی میں ہونے والی نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دالیں، چنے، لوبیا اور سویا سے بھرپور غذا ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ تقریباً 170 گرام دالیں، لوبیا اور چنے جبکہ 60 سے 80 گرام سویا سے بنی غذائیں جیسے ٹوفو اور ایڈامامی استعمال کرنا اس معاملے میں بہترین ہے۔
کنگز کالج لندن سے وابستہ محققین سمیت مختلف سائنس دانوں کی تحقیق میں حاصل ہونے والے نتائج بی ایم جے نیوٹریشن پریونشن اینڈ ہیلتھ میں شائع ہوئی۔
تحقیق میں 12 مختلف مطالعات کے ڈیٹا کو یکجا کرکے تجزیہ کیا گیا۔
نتائج کے مطابق جو لوگ سب سے زیادہ دالیں اور سویا استعمال کرتے تھے، اُن میں یہ غذائیں کم کھانے والوں کے مقابلے میں ہائی بلڈپریشر کا خطرہ بالترتیب 16 فیصد اور 19 فیصد کم پایا گیا۔
مجموعی تجزیے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ روزانہ 170 گرام دالیں، چنے یا لوبیا کھانے سے ہائی بلڈپریشر کے خطرے میں قریباً 30 فیصد کمی آسکتی ہے جب کہ روزانہ 60 سے 80 گرام سویا غذا لینے سے خطرہ 28 سے 29 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔