کوہاٹ: کشتی ڈوبنے کا واقعہ، جاں بحق طلبہ کی تعداد 40 ہوگئی

پشاور: ملک میں اتوار کو پیش آئے افسوس ناک واقعے میں کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں کشتی الٹنے سے اب تک جاں بحق ہونے والے طلباء کی تعداد 40 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے اور مبینہ طور پر زیر آب دو طلباء کی لاشوں کو تلاش کیا جارہا ہے، ریسکیو آپریشن کی تمام تر کارروائی کی نگرانی ڈی پی او کوہاٹ عبدالرؤف بابر قیصرانی خود کررہے ہیں۔
مہتمم مدرسہ شاہد نور نے بتایا کہ انہوں نے خود کشتی میں 50 بچوں کو ترتیب سے بٹھایا تھا، جس میں ان کا ایک بیٹا اور 6 بھانجے بھی موجود تھے۔ شہید ہونے والوں میں میرا بیٹا محمد طلحہٰ اور میرے بھانجے بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اتوار 29 جنوری کو کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں کشتی الٹنے سے طلباء ڈوب گئے تھے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے کشتی ڈوبنے کے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔ نگراں صوبائی وزیر خوشدل خان نے واقع کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کوہاٹ انتظامیہ کو واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

40 students deathBoat SinkingkohatTanda Dam