کیا ملالہ یوسف زئی ویب سیریز میں جلوہ گر ہورہی ہیں؟

لندن: پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ وہ جلد ریلیز ہونے والی برطانوی میوزیکل ویب سیریز میں جلوہ گر ہوں گی۔
عالمی میڈیا کے مطابق برطانوی نژاد بھارتی لکھاری و خواتین کے حقوق کی رہنما میرا سیال اور ملالہ یوسف زئی برطانوی میوزیکل ویب سیریز وی آر لیڈی پارٹس میں مختصر کرداروں میں دکھائی دیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ویب سیریز میں ملالہ یوسف زئی اور میرا سیال کی جدوجہد کو دکھایا جائے گا کہ ان دونوں خواتین نے کِن کِن مشکلات کا سامنا کرکے عالمی سطح پر اعلیٰ مقام حاصل کیا۔
اس ویب سیریز کی کہانی مسلمان نوجوان لڑکیوں کی جدوجہد کے گِرد گھومتی ہے، یہ تمام لڑکیاں برطانیہ کی رہائشی ہوتی ہیں جو متعدد مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنے کے بعد موسیقی کی دُنیا میں اپنا نام بنانے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔
پاکستانی نژاد ندا منظور کی ہدایت کاری میں بننے والی اس ویب سیریز کی کہانی ندا منظور سمیت متعدد لکھاریوں نے لکھی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانوی میوزیکل ویب سیریز وی آر لیڈی پارٹس کا دوسرا سیزن رواں سال 30 مئی کو ریلیز کیا جائے گا، لیکن ابھی تک اس سیریز کی ٹیم نے ملالہ یوسف زئی اور میرا سیال کے سیریز میں جلوہ گر ہونے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
خیال رہے کہ میوزیکل ویب سیریز وی آر لیڈی پارٹس کا پہلا سیزن سال 2021 میں ریلیز ہوا تھا۔

British Web SeriesGuest StarMalala YousufzaiSeason 2We Are Lady Parts