کیا ایلون مسک آئی فون کو ٹکر دینے والے ہیں؟

نیویارک: ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے اے آئی اسمارٹ فون تیار کیا جارہا ہے۔
ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیوائس تیار کی جارہی ہے، جس کے پروٹوٹائپ ماڈل کو سرمایہ کاروں اور شیئر ہولڈرز کو دکھایا گیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق یہ ڈیوائس کافی پتلی ہے اور اس کا ڈیزائن کسی اسمارٹ فون جیسا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ڈیوائس میں اسمارٹ فون کے روایتی فیچرز کے ساتھ اے آئی ٹولز کو ترجیح دی جائے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اسپیس ایکس کی جانب سے اے آئی ہارڈویئر کو عام افراد تک پہنچانے پر کام کیا جارہا ہے، تاکہ مستقبل میں ایپل کمپنی سے مسابقت کرسکے۔
اسپیس ایکس کی یہ اے آئی ڈیوائس ابھی تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہے اور کسی روایتی اسمارٹ فون کے برعکس اسے اینڈرائیڈ یا آئی او ایس کے بجائے ایک کاسٹیوم آپریٹنگ سسٹم پر چلایا جائے گا۔
اس ڈیوائس میں کوالکوم کا پراسیسر موجود ہوگا اور ایکس اے آئی کے اے آئی ماڈلز سے لیس ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پروٹوٹائپ ڈیوائس میں ایلون مسک کی ایوری تھنگ یا سپر ایپ کی تیاری کے خیال کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے اور ایک پلیٹ فارم میں ہی متعدد ڈیجیٹل سروسز دستیاب ہوں گی۔
یعنی یہ ڈیوائس میسجنگ، ڈیجیٹل پیمنٹس، شاپنگ، رائیڈ شیئرنگ، سوشل نیٹ ورکنگ اور دیگر روزمرہ کے ٹاسکس کا ہب ثابت ہوگی۔
ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ رپورٹ درست ہے یا نہیں، کیونکہ ایلون مسک کی جانب سے اس رپورٹ کو مسترد کیا گیا ہے۔
البتہ اگر یہ درست ثابت ہوئی تو اسپیس ایکس بھی ان کمپنیوں میں شامل ہوجائے گی جو اے آئی ڈیوائسز کی تیاری پر کام کررہی ہیں۔
اوپن اے آئی کی جانب سے اس حوالے سے کافی عرصے سے کام کیا جارہا ہے جب کہ ایپل کی جانب سے اس پر کام کیا جا رہا ہے۔