تہران: ایران نے 6 ایئرپورٹس کھول کر ملکی فضائی حدود کو 50 دن بعد جزوی طور پر بحال کردیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سمیت مشہد، برجند، گورگن اور زاہدان کے ایئرپورٹس کو کھول دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ مشرقی ایران کے فضائی راستے صبح 7 بجے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، بین الاقوامی پروازوں کو مشرقی علاقے سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ایران کے تمام ایئرپورٹس کی پروازیں آہستہ آہستہ دوبارہ شروع ہوجائیں گی، لیکن اس کے لیے کوئی فوری ٹائم فریم نہیں دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے درمیان پہلے سے عائد پابندیاں کم ہونا شروع ہوگئی ہیں، تاہم آج دوپہر تک ایران سے پروازوں کی آمدورفت شروع نہیں ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے شروع ہونے کے بعد سے ایران کی فضائی حدود بند کری گئی تھی۔