پاکستانیوں کو سلام، مجھے یہاں آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا، ابراہیم رئیسی

لاہور: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ پاکستان آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا، غزہ سے متعلق اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے۔
ایرانی صدر نے لاہور آمد کے موقع پر مزار اقبال پر حاضری دی، جہاں انہوں نے علامہ قبال کی قبر پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے بہت اہم ہے، کیونکہ اقبال نے پیغام دیا کہ کیسے استعمار کے خلاف کھڑے ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا اور پاکستان کے لوگوں میں ایران کے ساتھ خاص وابستگی پائی جاتی ہے، پاکستان کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے دل ہمیشہ ایک ساتھ جڑے رہیں گے، پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرنا چاہتا تھا مگر کچھ وجوہ کے باعث عوامی جلسے سے خطاب ممکن نہ ہوپایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ سے متعلق اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر بہت ناز ہے، اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے۔

Ebrahim RaisiPakistanPresident of IranVisit Lahore