تہران: ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں کو ہلاک یا گرفتار کر کے حوالے کرنے والے افراد کے لیے 30 ہزار ڈالرز کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے کہا ہے کہ اگر یہ کارروائی کسی خاتون کی جانب سے کی گئی تو انعام دُگنا دیا جائے گا۔
معروف انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کی درخواستوں کے بعد یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں کو گرفتار یا ہلاک کرکے ایرانی حکام کے حوالے کرنے والے شخص کو 30 ہزار ڈالرز یا 5 ارب ایرانی تومان (ایرانی ریال) دیے جائیں گے۔
ایرانی آرمی چیف نے امریکا سے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ سے نکلنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امیر حاتمی نے کہا کہ امریکی فوج کو خلیج فارس، خلیج عمان یا آبنائے ہرمز میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں امریکی زمینی فوج کی کسی باقاعدہ تعیناتی کی اطلاع نہیں ہے تاہم اپریل میں ایک امریکی طیارہ گرنے کے بعد امدادی کارروائی کے لیے امریکی اہلکار ایران میں داخل ہوئے تھے۔