ایران اور روس کے درمیان 25 ارب ڈالر کا بڑا جوہری معاہدہ

تہران/ ماسکو: ایک طرف ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، دوسری جانب ایران اور روس نے جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے 25 ارب ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کردیے ہیں، جسے دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کا مقصد ایران کے جوہری توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف ایٹمی منصوبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف توانائی کے شعبے میں اہمیت رکھتا ہے بلکہ تہران اور ماسکو کے سیاسی و اقتصادی تعلقات کو بھی مزید مستحکم کرے گا۔
ماسکو میں منعقدہ ایک آن لائن کانفرنس کے دوران ایران اور روس کے حکام اور ماہرین نے اس تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے کہا کہ بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کی توسیع اور ہرمز منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان پُرامن جوہری تعاون کے نمایاں منصوبوں میں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کا پہلا یونٹ پہلے ہی فعال ہے، جبکہ دوسرے اور تیسرے یونٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ایران کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
کاظم جلالی کے مطابق 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر مشتمل ہرمز منصوبہ ایران کا سب سے بڑا جوہری توانائی منصوبہ ہے، جو ایران کے نجی شعبے اور روس کی سرکاری جوہری کمپنی روساتوم کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے۔
ایرانی سفیر نے چھوٹے پیمانے کے ایٹمی بجلی گھروں کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں پر جلد عملی کام شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جدید جوہری ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ روسی گیس کی ایران کے راستے ترسیل، یوریشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط میں اضافہ، اور توانائی و ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں اشتراک بھی تہران اور ماسکو کے درمیان تیزی سے فروغ پانے والے تعاون کے اہم شعبے ہیں۔
کانفرنس کے اختتام پر ایرانی سفیر نے عالمی فورمز پر روس کی سیاسی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک توانائی، جدید ٹیکنالوجی، اقتصادی ترقی اور علاقائی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔