کراچی: ایپل کے آئی فون 17 پرو نے ایک غیر معمولی تجربے کے دوران ایک لاکھ فٹ سے زائد بلندی سے زمین پر گرنے کے باوجود محفوظ رہ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 17 پرو کو موبائل ایکسیسریز بنانے والی کمپنی رائنو شیلڈ کے تیار کردہ نئے ایئر ایکس فون کیس میں رکھ کر غبارے کے ذریعے سویڈن کے شہر کیرونا کے اوپر اسٹریٹوسفیئر تک پہنچایا گیا۔
فون کو 100,418 فٹ یعنی قریباً 30,607 میٹر کی بلندی سے گرایا گیا جو عام مسافر طیاروں کی پرواز کی بلندی سے تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔
اس تجربے کے دوران فون نے قریباً 25 منٹ تک فضا میں سفر کیا جب کہ درجہ حرارت منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ حیران کن طور پر فون کے لیے نہ پیراشوٹ استعمال کیا گیا، نہ ہیٹنگ سسٹم اور نہ ہی لینڈنگ کیلئے کوئی خصوصی کشن موجود تھا۔
فون بالآخر دشوار گزار علاقے میں ایک منجمد جھیل میں جاگرا، جہاں قریباً پانچ گھنٹے بعد سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے اسے تلاش کر لیا۔
رائنو شیلڈ کے ترجمان کے مطابق فون ملنے کے بعد مکمل طور پر درست حالت میں تھا، اس کی اسکرین اور باڈی پر کوئی خراش نہیں آئی تھی جب کہ فون آن ہونے کے ساتھ اس سے کال بھی کی جا سکتی تھی۔