بھارتی گلوکار کے کے کنسرٹ کے دوران طبیعت بگڑنے پر چل بسے

ممبئی: بھارتی گلوکار کے کے (کرشنا کمار) 53 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق گلوکار کے کے ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کررہے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت بگڑی اور وہ اسٹیج پر گرکر ہلاک ہوگئے۔
کے کے کو فوری نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ پہلے ہی زندگی کی بازی ہار چکے تھے، اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اُن کی موت کی تصدیق کی۔
کے کے (کرشنا کمار کناتھ) 22 اگست 1968 کو دہلی میں پیدا ہوئے اور 53 برس کی عمر میں کولکتہ میں دار فانی سے کوچ کرگئے، متوفی نے پس ماندگان میں بیوی اور بچے چھوڑے ہیں۔
گلوکار اور کمپوزر نے ہندی سمیت تامل، تیلگو، کناڈا اور بنگالی زبانوں میں بھارتی فلم انڈسٹری کو متعدد معروف گانے دیے، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران بولی وُڈ کے لیے پلے بیک گلوکاری پر توجہ مرکوز رکھی۔
کے کے نے اپنے گانوں کی پہلی البم ’پال‘ 1999 میں ریلیز کی تھی، گلوکار کے مشہور گانوں میں’دل عبادت، توہی میری شب ہے، سن ذرا، تڑپ تڑپ کے اس دل سے آہ نکلتی رہی، دس بہانے کرکے لے گئی دل‘ و دیگر شامل ہیں۔

During Live performanceIndian Singer KKPassed away