وزیراعظم معاشرے میں بڑھتی عریانیت اور فحاشی پر شدید پریشان ہیں، شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان معاشرے میں بڑھتی عریانیت اور فحاشی پر شدید پریشان ہیں اور انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو اس کی روک تھام کے لیے ہدایت کی ہے، کیونکہ ایسا نہ ہوا تو اس کے نتیجے میں پاکستانی معاشرے کی سماجی و مذہبی اقدار تباہ ہوجائیں گی۔
شبلی فراز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک یا دو نہیں بلکہ 15؍ یا 16؍ مرتبہ اس معاملے پر مجھ سے بات کی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مرکزی میڈیا، سوشل میڈیا اور اس کی ایپلی کیشنز کے ذریعے پھیلنے والی فحاشی کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
شبلی فراز نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ عریانیت کی وجہ سے بچوں اور خواتین کے ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں انہیں بتایا کہ ٹک ٹاک جیسی ایپس معاشرے کی اقدار کو زبردست نقصان پہنچارہی ہیں لہٰذا اسے بلاک کرنا چاہیے۔
شبلی فراز کے مطابق انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ سب سے پہلے ان ایپس سے رابطہ کیا جائے گا، تاکہ وہ معاشرے کی اقدار کا احترام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان پر کوئی غیر اخلاقی یا فحش مواد شیئر نہ کیا جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان ایسے شخص ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی مغرب میں گزاری ہے لہٰذا وہ ہماری سماجی و ثقافتی اقدار کو سمجھتے ہیں، جن کا تحفظ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فحاشی کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، جب ان کی توجہ پی ٹی وی پر دکھائے جانے والے متنازع مواد کی طرف مبذول کرائی گئی، جسے سوشل میڈیا میں بھی نمایاں کیا گیا تھا، تو شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وہ جلد پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کرکے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایسا کوئی مواد نشر نہ کیا جاسکے جو ہماری سماجی و مذہبی اقدار سے متصادم ہو۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جو بات میں اپنی بیٹی کے لیے پسند نہیں کرتا وہ میں کسی اور کی بہن بیٹی کے لیے بھی پسند نہیں کروں گا، سرکاری ٹی وی کو نجی چینلوں کے لیے مثالی نمونہ ہونا چاہیے۔
اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ پیمرا سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ نجی ٹیلی وژن چینلوں کے ذریعے پھیلنے والی فحاشی کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں، تاہم ادارہ پرجوش انداز سے یہ کام نہیں کررہا۔

media talkPM Imran KhanShibli faraz