عمران عباس شادیوں کی افواہوں سے تنگ، خفگی کا اظہار!

کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار عمران عباس نے اپنی شادی کی خبروں سے تنگ آکر فیس بک پر طویل کیپشن کے ساتھ پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
گزشتہ چند ماہ سے اداکار عمران عباس سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کی زد میں ہیں۔ یوٹیوبرز آئے دن ان کی شادی کسی نہ کسی ساتھی اداکارہ کے ساتھ کرواکر جعلی تصاویر وائرل کررہے ہیں۔


چند دن پہلے عمران عباس اور اُشنا شاہ کی شادی کی خبریں وائرل ہوئیں، جس پر انہیں وضاحت دینا پڑی جب کہ اب عمران کو یوٹیوبرز کی جانب سے عروہ حسین کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔
فیس بک پر جاری پیغام میں عمران عباس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ علیزے، صبور اور اشنا کے بعد اب عروہ حسین، رواں برس جنوری سے لے کر یہ اب تک کی میری چوتھی شادی ہے۔


انہوں نے سوال کیا کہ ان بلاگرز کو کوئی اور کام نہیں ہے کیا؟ یا یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے کوئی اور کام نہیں ہے۔
عمران نے پوچھا کہ کیا ہم ان کے خلاف کوئی کارروائی کرسکتے ہیں؟ یہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ کسی بھی اداکارہ کا نام اس کے ساتھی اداکار کے ساتھ جوڑا جائے۔


انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘برائے مہربانی ان تمام یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا پر موجود پیجز کو ان سبسکرائب کردیں تاکہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہو۔
دوسری طرف اشنا شاہ نے عمران عباس کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور لکھا کہ کبھی کبھی ہم ایسی باتوں پر ہنستے ہیں لیکن یہ ہمیشہ مزاحیہ نہیں ہوتا۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ خبریں ہماری فیملی کے واٹس ایپ گروپ میں آتی ہیں جو کافی پریشان کن اور مصیبت میں ڈال دینے والی ہوتی ہیں، آپ لوگ کیا یہ سب روک نہیں سکتے؟

Actor Imran AbbasAlizeyMarriage rumoursSaboor AliUrwa HocaneUshna Shah