کراچی: سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں ہیٹ ویو کے باعث شہری بے حال ہوگئے جب کہ کراچی میں سورج آگ برسانے لگا۔
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ 3 مئی تک وسطی اور بالائی سندھ میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
جام شورو، دادو، شہید بے نظیرآباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں دن کے وقت درجہ حرارت 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج اور کل موسم گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے جب کہ ہفتے کو موسم گرم و خشک اور معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔