برازیلیا: برازیل کے سابق اسٹار فٹ بالر رابرٹو کارلوس کے اسلام قبول کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ترک حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ علی شاہین نے برازیل کی مسلم کمیونٹی کے ایک اہم رہنما کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا ہے۔
علی شاہین کے مطابق ساؤ پالو میں برازیل کی مسلم برادری کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران انہیں شیخ جہاد حمادے نے بتایا کہ رابرٹو کارلوس گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے رابطے میں تھے۔
مبینہ طور پر سابق فٹ بالر قریباً چار ہفتے قبل ان سے ملنے آئے جہاں انہوں نے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔
ترک رکن پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پر اس خبر کا ذکر کرتے ہوئے رابرٹو کارلوس کو مبارک باد دی اور ان کے اہل خانہ کے لیے امن، صحت اور خوشحالی کی دعا کی۔
اس موقع پر برازیل کی مختلف اسلامی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
53 سالہ رابرٹو کارلوس کو فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین لیفٹ بیکس میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا بڑا حصہ ریال میڈرڈ میں گزارا اور 2007 میں ترک کلب فنرباغچے کا حصہ بنے۔
تاہم رابرٹو کارلوس نے تاحال اپنے قبولِ اسلام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔