پاکستان سے حج آپریشن شروع، کراچی سے پہلی پرواز روانہ

کراچی: پاکستان سے حج پروازوں کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ کراچی سے 160 عازمین کو لے کر پرواز روانہ ہوگئی۔
کراچی سے نجی ایئرلائن کے ذریعے پہلی حج پرواز 160 عازمین کو لے کر روانہ ہوئی۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا اور مبارک باد دی۔
اس سال کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس کے لیے روانہ ہوں گے، روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت سعودی حکام عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن کراچی ایئرپورٹ پر ہی کریں گے۔
ادھر سعودی میڈیا کا بتانا ہے کہ مکہ روٹ انیشیٹیو میں شامل پاکستان سمیت ممالک کی تعداد 10 ہوگئی ہے، رواں برس 10 ممالک کے 17 اسٹیشنز سے مکہ روٹ انیشیٹیو پرعمل کیا جائے گا۔ مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا، پاکستان، بنگلادیش، ترکیہ، جمہوریہ آئیوری کوسٹ اور مالدیپ مکہ روٹ انیشیٹیو میں شامل ہیں۔