اسلام آباد: حکومت نے تاجروں کے لیے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی۔ اسلام آباد میں وزیر خزانہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ کا آج سے باقاعدہ اجرا کردیا گیا ہے اور یہ اسکیم ایپ تاجروں کی مشاورت سے بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ ان دکان داروں کے لیے بھی ہے جو ابھی تک ٹیکس نیٹ میں نہیں، ریٹیلر اسکیم ایپ کے ذریعے دکان دار فائلر بن سکیں گے، چھوٹے دکان دار موبائل فون ایپ کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائل کرسکتے ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اس اسکیم کے ذریعے پوائنٹ آف سیلز سے استثنیٰ دیا جائے گا، چھوٹے دکان داروں کو کم از کم 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے، تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی اور جس دکان پر گرین پلیٹ لگی ہوگی وہاں ایف بی آر افسر داخل نہیں ہوگا۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ایپ میں رجسٹرڈ دکان داروں کی سیل پر ایک فیصد ٹیکس ہوگا، ستمبر کے پہلے ہفتے تک یہ ایپ مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی، اس اسکیم سے لاکھوں تاجر ٹیکس نیٹ میں آئیں گے اور یہ اسکیم کامیاب ہوگی تو تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم ہوگا۔
اس موقع پر وزیرخزانہ نے کہا کہ سیلری کلاس کیلئے بھی ریٹرن کو آسان بنا رہے ہیں اور تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ریٹرن فارم سادہ کیا جائے گا۔