کراچی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے آج ہفتہ 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک کے لیے ہڑتال کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے پیر کو ٹرانسپورٹ اتحاد کو اجلاس کے لیے طلب کیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا حکومت سے ملاقات کے لیے ٹرانسپورٹ اتحاد کی کمیٹی بنادی ہے، اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان تک ہڑتال جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے کمشنرآفس میں مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ بنیادوں پر تعین اور ٹڑانسپورٹ سیکٹر پر 7 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف بطور احتجاج ہڑتال کی جا رہی ہے۔