دل کے مریضوں کے لیے اچھی خبر، ورزش سے موت کا خطرہ کم

کراچی: نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی افراد میں فالج اور قبل ازوقت موت کے خطرے کو کم کرنے سے منسلک ہے۔
جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع شدہ تحقیق میں ناروے کے 87 ہزار سے زائد بالغ افراد کو قریباً 15 برس تک فالو کیا گیا۔ محققین نے قومی صحت کے ریکارڈز کی مدد سے شرکا میں ایٹریل فبریلیشن فالج اور اموات کا جائزہ لیا۔ ایٹریل فبریلیشن دل کی ایک ایسی کیفیت ہے جس میں دل کے اوپری حصے (ایٹریا) کی دھڑکن بے ترتیب یا لرزتی ہوئی ہو جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کیفیت خون کے لوتھڑے بننے، فالج اور دیگر قلبی بیماریوں کا خطرہ بڑھاسکتی ہے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق جو افراد ایٹریل فبریلیشن کے باوجود باقاعدگی سے جسمانی سرگرمی کرتے رہے، ان میں فالج کا خطرہ کم اور طویل عرصے تک زندہ رہنے کے امکانات زیادہ دیکھے گئے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی سفارش ہے کہ بالغ افراد ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل شدت یا 75 منٹ زیادہ شدت والی ایروبک ورزش کریں جب کہ ہفتے میں کم از کم دو دن پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزش بھی معمول کا حصہ بنائیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس سے قبل بھی ورزش کے فوائد پر تحقیق ہوچکی ہے۔ تاہم، یہ مطالعہ اس بات کے مزید شواہد فراہم کرتا ہے کہ جسمانی سرگرمی ایٹریل فبریلیشن کے مریضوں میں نہ صرف مجموعی صحت بہتر بناسکتی ہے، بلکہ فالج کے خطرے میں بھی کمی سے منسلک ہے۔