کراچی: سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں آج بھی بڑی کمی ریکارڈ ہوئی ہے اور چند دنوں کے دوران سونا مجموعی طور پر قریباً 38 ہزار روپے فی تولہ سستا ہوگیا ہے۔
عالمی سطح پر گولڈ کے ذخائر کی فروخت برقرار رہنے اور رسد کی نسبت طلب میں کمی سے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل برقرار ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 97 ڈالر 20 سینٹس کی کمی سے 4 ہزار 102 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو فی تولہ سونے کی قیمت مزید 9 ہزار 720 روپے کی بڑی نوعیت کی کمی سے 4 لاکھ 32 ہزار 716 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح مقامی سطح پر فی 10 گرام سونے کی قیمت 8 ہزار 748 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 69 ہزار 422 روپے کی سطح پر آگئی۔
سونے کی قیمتوں کے ساتھ ہی عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 40 سینٹس کی کمی سے 64 ڈالر 10 سینٹس کی سطح پر آگئی، جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 40 روپے کی کمی سے 6 ہزار 889 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 36 روپے کی کمی سے 5 ہزار 857 روپے کی سطح پر آگئی۔
واضح رہے کہ 6 جون کو سونے کی قیمتوں میں 12489 روپے فی تولہ کمی ہوئی تھی، جس کے بعد 8 جون کو 3094 روپے فی تولہ سونا سستا ہوا تھا۔ قیمتوں میں کمی کا تسلسل جاری رہا اور 10 جون کو بھی سونے کی قیمت میں 12627 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ ہوئی تھی۔