اسلام آباد: دیامر میں گزشتہ رات مختلف وادیوں میں سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔
مقامی پولیس کے مطابق سیلابی ریلوں سے متعدد مکانات، درخت، فصلیں، رابطہ پل، پن چکیاں اور واٹر چینلز تباہ ہوئے، شاہراہِ قراقرم بھی مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔
چلاس میں گونر فارم نرسری کے قریب سیلابی ریلے کے بعد شاہراہِ قراقرم رات سے ٹریفک کے لیے بند ہے، شاہراہِ قراقرم کی بندش سے سڑک کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
رپورٹس کے مطابق پھنسے ہوئے مسافروں میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، مسافروں نے حکومت سے شاہراہِ قراقرم فوری طور پر ٹریفک کے لیے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے اور سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔