چاند پر بھیجے گئے پاکستانی سیٹلائٹ مشن سے پہلی تصویر موصول

اسلام آباد: چاند پر بھیجے گئے پاکستانی مشن سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کی لی گئی پہلی تصویر موصول ہوگئی۔
آئی کیوب قمر نے چاند کی تصاویر بنانے کا کام شروع کردیا اور اس سے لی گئی پہلی تصویر باضابطہ طور پر پاکستانی سفیر کے حوالے کردی گئی۔ آئی کیوب قمر کی اس پہلی تصویر میں سورج کی روشنی دکھائی دے رہی ہے۔
چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن میں آئی کیوب قمر کے کامیاب مشن پر خصوصی تقریب کا انقاد کیا گیا، جس میں چینی حکام نے آئی کیوب قمر سے موصول ہونے والا پہلا امیج پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کے حوالے کردیا۔
آئی کیوب قمر کو کامیابی سے چاند کے مقررہ مدار میں ڈپلائے کیا جاچکا ہے۔ آئی کیوب قمر تمام مقررہ پیرا میٹرز کے مطابق کام کررہا ہے۔
قبل ازیں ماہرین نے بتایا تھا کہ سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کے آپریشنل ہونے سے پہلے تمام ذیلی نظاموں کی تصدیق میں قریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، جس کے بعد آئی کیوب قمر سے چاند کی پہلی تصویر 15 یا 16 مئی تک موصول ہو نے کا امکان ہے۔
چانگ ای 6 مشن چاند کی کشش ثقل کے زیر اثر قمری مدار میں داخل ہوچکا ہے اور اگلے مرحلے میں چانگ ای 6 کے لینڈر اور اسینڈر کو چاند کے جنوبی قطب کی عقبی جانب لینڈ کروایا جائے گا۔ اس کے بعد مین لینڈر چانگ ای 6 مشن سے یکم جون کو علیحدہ ہوجائے گا، جس کے بعد 2 جون کو چانگ ای 6 مشن قمری سطح سے مٹی اور چٹانوں کے سیمپلز جمع کرے گا۔
چانگ ای 6 مشن 4 جون کو واپسی کا سفر شروع کرے گا۔ اس سلسلے میں 6 جون کو چانگ ای 6 مشن ڈاکنگ کرے گا اور پروگرام کے مطابق 53 روزہ مشن مکمل کرنے کے بعد 25 جون کو زمین پر واپس لینڈ کرے گا۔

First Pics Receivedicube qamar satellitePakistan First Satellite Mission