فیلڈ مارشل کا دورہ ایران پاکستان کی سفارتی کوششوں کے تناظر میں تھا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ ایران صدرٹرمپ یا امریکا کے نمائندے کی حیثیت سے نہیں تھا۔
ترجمان نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بشکیک میں ایس سی او کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں وہ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، پاکستان نے ایس سی او کی ایک سال کے لیے چیئرمین شپ سنبھالی ہے اور پاکستان 2027 میں اسلام آباد میں ایس سی او کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران صدرٹرمپ یا امریکا کے نمائندے سے حیثیت سے نہیں تھا، فیلڈ مارشل کا دورہ ایران پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے تناظر میں تھا، ان کی ایرانی حکام سے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکراتی حل تلاش کرنے پر بات ہوئی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مشرق وسطیٰ بحران کے حل کے لیے برادر ممالک کے ساتھ رابطوں میں ہے، پاکستان کی کوششیں خطے میں امن و استحکام اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے ہیں، ایرانی قیادت نے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔