بلوچستان سے خاتون خودکُش بمبار گرفتار، اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پاکستان کو بہت بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے بلوچستان سے ایک خاتون خودکُش بمبار کو گرفتار کیا۔
کوئٹہ میں خاتون خودکُش بمبار کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا ہمارے ساتھ بیٹھی خاتون خودکُش حملے کے مشن پر تھی، خاتون خودکش حملہ آور کو اسلام آباد میں حملے کا ہدف دیا گیا تھا، انٹیلی جنس ایجنسی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنایا۔
ان کا کہنا تھا دہشت گردوں کا بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم بچیوں کو تعلیم دینا چاہتے ہیں جب کہ دہشت گرد انہیں خودکُش جیکٹس پہنا رہے ہیں، ہم بچی کو باعزت طریقے سے اس کے والد کے حوالے کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد خواتین کو پھنساتے ہیں، بین الاقوامی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے دہشت گرد بچیوں کا استحصال کرتے ہیں، خاتون کو دھمکی دی گئی کہ خودکُش حملہ نہ کیا تو والد کو مار دیں گے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا انٹیلی جنس ایجنسیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کو بہت بڑی تباہی سے بچایا، انٹیلی جنس ایجنسیز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بچی کو گرفتار کیا، بلوچ خواتین کبھی اس جنگ کا حصہ نہیں ہیں، یہ کون سی روایت ہے کہ اپنے مفادات کے لیے بلوچ بچیوں کا استعمال کرتے ہیں۔