ارطغرل غازی کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات

لاہور: ترک اداکار انجن التان دزیاتن المعروف ارطغرل غازی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی۔
انجن التان مختصر دورے پر دو روز قبل پاکستان آئے۔ گزشتہ روز انہوں نے لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کیا اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی۔
انجن التان چوہدری ٹیکسٹائل کے سی ای او کاشف ضمیر کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق کاشف ضمیر نے ہی اپنے گھر پر ترک اداکار اور وزیراعلیٰ کے درمیان ملاقات کا اہتمام کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز انجن التان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے دورہ پاکستان کے دوران کئی پروجیکٹس سائن کیے ہیں اور ان کا یہ دورہ اسی سلسلے میں ہے۔ اپنے پروجیکٹس کی وجہ سے وہ مستقبل میں پاکستان کے مزید دورے کریں گے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپنے دورے کے دوران انجن التان دزیاتن نے چوہدری ٹیکسٹائل کے ساتھ 17 کروڑ کا معاہدہ کیا ہے اور کمپنی کے آفیشل ایمبیسڈر بن گئے ہیں۔

engin altanErtugral Ghazimeetsardar usman buzdar