کراچی: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 2016 کے بعد اب ایل نینو سرگرم ہونے سے پاکستان میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں5 جون تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے سبب گزشتہ رات سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ موئن جودڑو میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ملی میٹربارش ہوئی، مانو روہڑی میں 20 ملی میٹر بارش اور 104 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔
اس کے علاوہ سسٹم کے زیر اثر خیرپور، دادو، گھوٹکی، تھرپارکر اور ملحقہ اضلاع میں بارش کا امکان رہے گا۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے کراچی کے حوالے سے بتایا کہ شہر میں آئندہ دنوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، اس دوران درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا کہ بحرالکاہل میں ایل نینو سرگرم ہورہا ہے، ایل نینو کے اثرات دنیا بھر کے موسموں پر پڑتے ہیں، 2016 کے بعد اب ایل نینو سرگرم ہوگا، ایل نینو سے پاکستان میں معمول سے کم بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق تھرپارکر ریجن سمیت سندھ میں رواں مون سون میں معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے جب کہ ملک کے شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے سلسلے بارش کا سبب بنتے رہیں گے۔
ایل نینو دنیا بھر میں درجہ حرارت میں اضافے کا سبب بننے والا ایک موسمی عمل ہے، ایل نینو کے باعث دنیا کے کچھ حصوں میں خشک سالی اور کچھ مقامات پر شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ایل نینو پیسفک اوشین کے سطح سمندر کے معمول سے زائد درجہ حرارت کے باعث سرگرم ہوتا ہے، ایل نینو کے دوران پاکستان سمیت خطے میں بارشیں کم ہوجاتی ہیں جب کہ پاکستان زرعی ملک ہے جہاں ،بارشیں کم ہونے سے زراعت متاثر ہوسکتی ہے۔