روزانہ ٹماٹر کھائیں اور جگر کی خطرناک بیماری سے محفوظ رہیں

کراچی: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ ٹماٹر کھانے سے جگر میں چربی جمع ہونے کی بیماری سے متاثرہ افراد میں جگر کی چربی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
نان الکوحل فیٹی لیور ڈیزیز (این اے ایف ایل ڈی) برطانیہ میں قریباً ایک تہائی بالغ افراد کو متاثر کرتی ہے اور اس کا تعلق موٹاپے، بلند کولیسٹرول اور ٹائپ 2 ذیابیطس سے ہے۔ بعض افراد میں یہ بیماری جگر میں سوزش اور داغ بننے کا سبب بن سکتی ہے جب کہ شدید صورتوں میں جگر ناکارہ ہونے کا خطرہ بھی پیدا ہوجاتا ہے۔
اٹلی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو اینٹرولوجی کے محققین نے فیٹی لیور ڈیزیز اور 30 یا اس سے کم بی ایم آئی رکھنے والے 79 بالغ افراد کو دو گروپوں میں تقسیم کیا۔
ایک گروپ نے 6 ہفتوں تک روزانہ 200 گرام کچے ٹماٹر (یعنی قریباً ایک بڑا ٹماٹر) کے ساتھ 50 گرام ٹماٹر ساس استعمال کیا جب کہ دوسرے گروپ نے ٹماٹر سے پاک غذا اختیار کی۔
6 ہفتوں بعد خصوصی اسکین کے ذریعے شرکا کے جگر میں موجود چربی کی مقدار کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج کے مطابق دونوں گروپوں میں جگر کی چربی میں کمی ہوئی۔ تاہم، ٹماٹر استعمال کرنے والے افراد میں کمی زیادہ نمایاں تھی۔
ٹماٹر کھانے والے گروپ میں جگر کی چربی کی مقدار 6 ہفتوں کے دوران ابتدائی سطح کے مقابلے میں قریباً 11 فیصد کم ہوئی جب کہ ٹماٹر سے پرہیز کرنے والے گروپ میں یہ کمی قریباً 6 فیصد رہی۔
جرنل نیوٹرینٹس میں شائع ہونے والی اور اطالوی وزارتِ صحت کی جانب سے فنڈ کی گئی اس تحقیق سے ٹماٹر کے استعمال اور جگر کی صحت کے درمیان ممکنہ تعلق سامنے آتا ہے۔ البتہ، مزید تحقیق سے اس اثر کی تصدیق ضروری ہے۔