دعا زہرا کو کراچی لانے کے لیے پولیس ٹیم لاہور پہنچ گئی

کراچی: دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کے لیے پولیس ٹیم کے لاہور پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔ مقامی عدالت کی جانب سے دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے اور کیس کی مزید تفتیش کے حکم کے بعد کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے سندھ پولیس دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کی اجازت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور کی متعلقہ پولیس اور حکام کی اجازت کے بعد دعا زہرا کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کراچی کی مقامی عدالت نے 25 جون کو جاری کیے جانے والے فیصلے میں دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ کیس کی مزید تحقیقات اور میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیتے ہیں، عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے سیکریٹری صحت کو لکھیں گے، سیکریٹری صحت میڈیکل بورڈ سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کریں، بچی کو یہاں لے کر آئیں یا وہاں میڈیکل کرائیں یہ پراسیکیوشن کا مسئلہ ہے۔

Dua ZehraKarachi courtLahoreSindh Police Team reach