ڈاکٹر آکاش کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا، ڈی آئی جی ساؤتھ

کراچی: ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے ڈاکٹر آکاش کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا اور ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فریئر کے علاقے میں ڈاکوؤں نے ڈاکٹر آکاش کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر آکاش بینک پہنچے تو ملزمان پہلے سے موجود تھے، ملزم نے ساتھی ڈکیتوں کو ریکی کرکے اطلاع دی، 24 گھنٹوں میں واردات کی تفصیلات حاصل کی گئیں اور 36 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار تینوں ملزمان کا تعلق ہندو کمیونٹی سے ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ 100 سے زائد سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کی گئیں، واردات میں موٹر سائیکل اور ایک گاڑی استعمال کی گئی، 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ملزمان آئے تھے جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان کو ڈیفنس تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا، کچھ رقم کی برآمدگی ہوئی ہے اور مزید رقم کی ریکوری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔