خودکُش بمبار کو روکنے والے لیاقت شہید کو ستارۂ شجاعت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے کوہاٹ میں خودکش بمبار کو روک کر قیمتی جانیں بچانے والے شہری لیاقت کو ستارہ شجاعت کی دینے کی منظوری دیدی۔
چند روز قبل کوہاٹ کے قریب ایک مشتبہ خارجی دہشتگرد کھیتوں کے راستے آگے بڑھ رہا تھا، اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی لیاقت نے مشتبہ شخص کو روک کر اس کی شناخت پوچھی، شناخت پوچھنے پر خودکش حملہ آور نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
خودکُش دہشت گرد کو روک کر قیمتی جانیں بچانے والے لیاقت شہید کی قربانی کا قومی سطح پر اعتراف کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی جان قربان کرکے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے والے شہری لیاقت کو قوم کا ہیرو قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر صدر مملکت نے لیاقت شہید کے لیے ستارہ شجاعت کی منظوری بھی دے دی ہے اور لیاقت شہید کی والدہ، صاحبزادے اور بھائی آج شام صدر مملکت سےستارہ شجاعت وصول کریں گے۔
صدر صدرآصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لیاقت شہید نے اپنی جان قربان کر کے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا، لیاقت شہید کی جرأت، فرض شناسی اور قربانی قوم کے لیے روشن مثال ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ لیاقت شہید نے خودکش حملہ آور کے سامنے ڈٹ کر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، قوم اپنے بہادر سپوت لیاقت شہید کو سلام پیش کرتی ہے۔