کراچی: بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی آج پورے ملک میں عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔
مادر ملت کی برسی کے سلسلے میں ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام قرآن خوانی اور دیگر تقریبات منعقد کی گئی ہیں۔
مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں۔1947 میں دہلی کو خیرباد کہہ کر کراچی منتقل ہوگئیں، قائداعظم کی وفات کے بعد وہ قریباً 19 سال بقیدِ حیات رہیں۔ 9 جولائی 1967 کو کراچی میں اُن کا انتقال ہوا۔
وہ پیشے کے اعتبار سے ڈینٹل سرجن تھیں، تاہم انہوں نے اپنی زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق، تحریکِ آزادی اور بعد ازاں پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کر دی تھی۔
تحریکِ پاکستان کے دوران انہوں نے اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کیا اور برصغیر کی مسلم خواتین کو آزادی کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لینے کے لیے متحرک کیا۔ ان کی انہی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں قوم نے انہیں ’’مادرِ ملت‘‘ کا خطاب دیا۔
قیامِ پاکستان کے بعد بھی محترمہ فاطمہ جناحؒ نے جمہوریت، آئین کی بالادستی، عوامی حقوق اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی۔ انہیں پاکستان کی تاریخ کی بااثر ترین خواتین رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔