اسلام آباد: پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان شہریوں کے لیے ڈیڈلائن ختم ہوگئی، جس کے بعد وہ فوری گرفتار ہوں گے۔
وفاقی حکومت نے افغان باشندوں کو وطن واپس بھجوانے میں تیزی لانے کا فیصلہ کرلیا، بغیر ویزے کے پاکستان میں مقیم ہر افغان شہری کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔
غیر قانونی افغانیوں کو پناہ دینے یا کرایہ پر رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، راولپنڈی سمیت پنجاب میں افغان باشندوں کی جیو ٹیگنگ اور جیو فینسنگ مکمل کرلی گئی۔
وفاقی وزرات داخلہ کو کارروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھیجی جائے گی، رپورٹ میں پکڑے گئے بغیر ویزا افغان شہریوں کی تعداد درج کی جائے گی۔
رپورٹ میں اب تک کی کارروائیوں اور گرفتار افراد کی موجودہ حیثیت شامل ہوگی، وفاقی وزارت داخلہ نے 28 جون کو گلگت بلتستان، آزاد کشمیراور صوبوں کو خط لکھا تھا، ڈپٹی کمشنرز کو جیو ٹیگنگ کی مدد سے جلد گرفتاریاں کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔