کروشیا کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کیساتھ پریس کانفرنس

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ ہیں۔
کروشیا کے وزیرِ خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ کروشیا کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، کروشیا کے وزیر خارجہ کا دورہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان خیرسگالی، باہمی اعتماد کے مضبوط روابط موجود ہیں، کروشیا پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنا ہوں گی جب کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ ہیں، افغان سرزمین کسی بھی ملک خصوصاً پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ معطلی، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن کے فروغ کی اہم پیش رفت ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کروشیئن وزیرِ خارجہ نے کہا کہ میرا دورۂ پاکستان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کرداد ادا کرے گا، پاکستان اور کروشیا کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں۔