لندن: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد ٹیم میں تبدیلیاں ان کے لیے بھی ایک نئی خبر تھی۔
کپتان بابر اعظم کے مطابق یہ تبدیلیاں ان کی معلومات، مشاورت یا منظوری کے بغیر عمل میں لائی گئیں۔
بابر نے اعتراف کیا کہ انہیں تبدیلیوں کا علم بورڈ کے باضابطہ بیان سے ہوا، موجودہ سلیکشن کے ڈھانچے کے تحت، بطور کپتان اس عمل سے آگاہ ہونا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ 7 کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کرنے سے متعلق پی سی بی نے جو فیصلہ کیا ہے کچھ سوچ کر ہی کیا ہوگا۔
انگلینڈ کے خلاف لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر ایجبسٹن ٹیسٹ سے ٹھیک ایک دن پہلے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے۔
لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ لارڈز ٹیسٹ میں ٹیم نے کسی شعبے میں متاثر کن کھیل پیش نہیں کیا۔