21 قومی، صوبائی نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے

اسلام آباد: ملک میں قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات21 اپریل کو منعقد ہوں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔ ضمنی انتخابات کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ضمنی انتخابات کے لیے 62 لاکھ 30 ہزار سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے 174 امیدوار جب کہ خیبر پختوںخوا سے مجموعی طور پر 49 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
پنجاب میں 21 لاکھ 77 ہزار 187 مرد اور 18 لاکھ 67 ہزار 365 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ خیبر پختونخوا سے ضمنی انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات کے لیے 663 مردانہ، 649 زنانہ اور 1289 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ خیبر پختون خوا میں مجموعی طور پر 892 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
سندھ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 196 کے ضمنی انتخاب کے لیے 4 لاکھ 23 ہزار 981 ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ این اے 196 میں 5 امیدوار مدمقابل ہیں۔ سندھ کے قومی اسمبلی کے حلقے کے لیے 933 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ بلوچستان کے حلقوں میں انتخابات کے لیے 125 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جب کہ ایک لاکھ 63 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
شکایات کے ازالے کے لیے صوبائی الیکشن کمشنرز دفاتر میں کنٹرول روم قائم کردیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنر پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل آج مکمل کردیا جائے گا۔

 

21 Seatsby Electionelection commission of pakistanNational and Provincial AssembliesPakistan