لندن: برطانیہ کے شہزادے ہیری نے بالآخر 6 سال بعد فیملی سمیت اس ماہ امریکا سے برطانیہ واپس آنے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 برس کے شہزادہ ہیری نے اتوار کو بادشاہ چارلس کو وطن واپسی کے منصوبے سے آگاہ کردیا۔
خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ برطانیہ واپسی کے باوجود شہزادہ ہیری اور ان کی بیوی میگھن مارکل کے درجے میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی۔
چند برس پہلے طے معاملے کے تحت ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے ایسے افراد ہی رہیں گے جو سرکاری امور انجام نہیں دیں گے۔
جوڑے کے 7 برس کے بیٹے آرچی اور 5 برس کی بیٹی للی بیٹ نے برطانیہ ہی کے اسکول میں داخلہ لے لیا اور وہیں تعلیم مکمل کریں گے۔ یہ واضح نہیں کہ شہزادہ ہیری کس جگہ کو رہائش کے لیے اختیار کریں گے۔
دھیان رہے کہ شاہی گھرانے سے شدید اختلافات کی خبریں منظرعام پرآنے کے بعد شہزادہ ہیری اپنی سابق اداکارہ بیوی میگھن مارکل کے ساتھ 6 برس پہلے برطانیہ سے امریکا منتقل ہوگئے تھے۔
نوبت یہ تھی کہ ہیری نے والد چارلس، سوتیلی والدہ کمیلا اور ولی عہد بھائی شہزادہ ولیم کو بھی برطانیہ چھوڑنے کے ارادے سے لاعلم رکھا تھا۔
امریکا پہنچ کر شہزادہ نے اپنی کتاب، انٹرویو اور ایک شو میں بھی شاہی گھرانے پر طنز کیے تھے۔ اس وقت کی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے بیان جاری کرکے واضح کیا تھا کہ جوڑا عوامی خدمات انجام نہیں دے سکے گا اور آدھا ادھر آدھا ادھر والا معاملہ نہیں چلے گا۔ ساتھ ہی شہزادہ ہیری کو اعزازی فوجی ٹائٹل سے بھی محروم کردیا گیا تھا۔
امریکا میں شہزادہ ہیری کیلیفورنیا میں مقیم ہیں مگر میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی اہلیہ میگھن امریکا کے ٹاپ حلقوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہیں۔
یہ واضح نہیں ہوا کہ شہزادہ ہیری کو آخر کیا چیز واپس وطن لائی ہے اور اس میں کس نے کردار ادا کیا۔