مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔
20 حلقوں میں سے 19 کے مکمل غیر سرکاری غیرحتمی نتائج سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) 14 حلقوں پر جبکہ پیپلزپارٹی 5 حلقوں سے کامیاب ہوئی جبکہ ایک حلقے پر پولنگ خراب موسم کے باعث ملتوی کر دی گئی تھی۔ اتوار کو مظفر آباد ڈویژن کی 8 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے تھے۔
مظفرآباد ڈویژن کے آٹھ حلقوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہی جبکہ خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایل اے 28 مظفرآباد 2 لچھراٹ کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ملتوی کردی گئی۔
الیکشن کمیشن ترجمان کے مطابق نوسیری نوسدہ، پنجگراں، دیولیاں اور پنجکوٹ کے مخصوص پولنگ سٹیشنوں پراتوارکو الیکشن عملہ اور پولنگ مٹیریل نہ پہنچنے پر پولنگ 4 اگست تک مؤخر کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملتوی شدہ پولنگ اسٹیشنوں کے سیل شدہ پولنگ بیگز ریٹرننگ آفیسر نے پریذائیڈنگ افسران سے واپس وصول کر لئے ہیں۔
موصولہ غیرحتمی نتائج کے مطابق ایل اے 25 نیلم ویلی 1 سے مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادرجیت گئے ہیں، پیپلزپارٹی کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس یہاں سے الیکشن ہار گئے ہیں اور تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔
ایل اے 26 نیلم ویلی 2 کے 135 پولنگ سٹیشن میں سے 26 کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے میاں عبدالوحید 3762 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر اور ن لیگ کے شاہ غلام قادر 3296 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 27 میں الیکشن ملتوی کردیا گیا ہے۔ ایل اے 28 میں بعض پولنگ اسٹیشنوں پرخراب موسم کے سبب الیکشن ملتوی کرنا پڑا، یہاں پیپلزپارٹی کے امیدوار آگے ہیں ۔
ایل اے 29 مظفرآباد سے پاکستان پیپلزپارٹی سردار مختار 19792 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
ایل اے 30 مظفرآباد 4 کے تمام 129 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے مصطفیٰ بشیر عباسی 18082 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے مبشر منیر اعوان 11947 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
ایل اے 31 مظفرآباد 5 کے تمام 249 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے ثاقب مجید راجہ 32511 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر23957 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 32 سے ن لیگ کے راجہ فاروق حیدر17507 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 13964 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
ایل اے 33 میں پیپلز پارٹی کے دیوان علی قمر چغتائی 19521 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں۔ لاہور کے حلقہ ایل اے 34 جموں وَن میں مسلم لیگ ن کے ناصر ڈار 5685 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار ریاض احمد 2124 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے بلال مختار بٹ 376 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالقادر چوہان نے 70 ووٹ حاصل کیے۔ اس حلقے میں ایک آزاد امیدوار نے 331 ووٹ حاصل کیے۔
حلقہ ایل اے 35 جموں 2 کے انتخابات میں مسلم لیگی امیدوار چوہدری اسماعیل گجر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 23893 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے ایم ایل اے منتخب ہوگئے ہیں، آزاد امیدوار سردار غیاث نے 5868 ووٹ، آئی پی پی کے امیدوار قدیر گجر نے 2750 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 36 جموں 3 کے تمام 140 پولنگ سٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ احسن رضا 27218 ووٹ حاصل کرکے جیت گئے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری احسن اسماعیل گجر ایڈووکیٹ نے 12,980 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 37 جموں 4 کے تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے تحت مسلم لیگ (ن) کی مریم جاوید 28664 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جب کہ جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے عثمان علیم 22827 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
گجرات کے حلقہ ایل اے 38جموں 5 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے چوہدری عابد رضا، ضلعی صدر نوابزادہ طاہر الملک کے حمایت یافتہ ن لیگی امیدوار چوہدری ذیشان یونس مجموعی طور پر 115 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق 17565 ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سابق ایم این اے چوہدری حسین الٰہی کے حمایت یافتہ ق لیگی امیدوار چوہدری اکبر ابراہیم 13837 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔
ضلع وزیرآباد کے حلقہ ایل اے 38 جموں 5 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ذیشان یونس ٹانڈا 3,280 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے اور کامیاب قرار پائے۔مسلم لیگ (ق) کے امیدوار اکبر ابراہیم 1,444 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ جماعت اسلامی کے عمر صدیق جرال301 ووٹوں کے ساتھ تیسرے، آزاد امیدوار مختار بیگ 200 ووٹ لے کر چوتھے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے راجہ شاہد اقبال 75 ووٹ حاصل کرکے پانچویں نمبر پر رہے۔
ایل اے 39 جموں 6 کے 157 پولنگ سٹیشن میں سے 32 کے غیرسرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد صدیق 10981 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے چوہدری فخر زمان 5081 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 40 کشمیر ویلی 1 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار 2914 ووٹ لے کرجیت گئے۔
ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 کے تمام 19 پولنگ سٹیشنزکے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے محمد عامر شاہ 1804 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ آزاد امیدوار صباء دیوان 1523 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔
ایل اے 42 کشمیر ویلی 3 تمام 43 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے سید شوکت علی شاہ 1542 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد عاصم شریف 477 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
راولپنڈی کے حلقہ ایل اے 43 ویلی 4 اور ایل اے 44 ویلی 5 کے سرکاری نتائج کے مطابق دونوں حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ ریٹرننگ افسر ساجد راٹھور نے حلقہ ایل اے 43 ویلی 4 کے سرکاری نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے یاسین لون کو 1276 ووٹ لے کر کامیاب قرار دے دیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ 663 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے حمزہ مجید بزمی نے 370 ووٹ حاصل کیے۔
حلقہ ایل اے 44 ویلی 5 میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 2308 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، مسلم کانفرنس کی مہر النساء نے 740 ووٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے راشد اسلام بٹ نے 502 ووٹ جبکہ جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار نے 392 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 کے تمام 41 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی عبدالماجد خان 3448 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے خواجہ محمد دلاور 823 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔