ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں، فیک نیوز و پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں: آرمی چیف

پشاور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے فوج نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ اس عظیم فوج کا حصہ بننے جارہے ہیں، اس ادارے سے پاس آؤٹ ہونا بڑے فخر کی بات ہے، 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا باعث فخر ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، عوام کی مکمل سپورٹ اور اعتماد سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں، یقینی بنایا ہے کہ پاکستان سے منظم دہشت گردی فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ دی جائے، یہ کامیابی بے شک ایسی ہے جس کا کئی ممالک یا افواج دعویٰ نہیں کرسکتیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پُرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
آرمی چیف جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ امن کی خواہش میں پاکستان نے نیک نیتی سے پڑوسیوں اور علاقائی ملکوں سے اچھے تعلقات کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں، جنوبی ایشیا کے لوگوں کو بھی خوش حالی اور بہتر معیار زندگی کا حق حاصل ہے، جنوبی ایشیا میں خوش حالی تسلسل سے معاشی ترقی اور دیرپا امن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اُن کا کہنا تھا ہمیں بھرپور کوشش کرنی چاہیے کہ شعلوں کو اپنے خطے سے دور رکھیں، ہمیں طریقہ کار بناکر باہمی معاملات کو پُرامن طور پر حل کرنے کے لیے امن کو موقع دینا چاہیے، ہمیں ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے مل کر بھوک، غربت، جہالت سے مقابلہ کرنا چاہیے، ہمیں مل کر تیزی سے بڑھتی آبادی، ماحولیاتی تبدیلی اور بیماریوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دنیا بدل گئی ہے ہمیں بھی تبدیل ہوجانا چاہیے، ورنہ "اسٹیٹس کو” کی قیمت ہم سب کو ادا کرنی پڑے گی۔
اُن کا کہنا تھا کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہمیشہ الرٹ رہیں اور ملک کے خلاف سازشوں کو شکست اور جواب دینے کے لیے تیار رہیں، کسی ملک، گروپ یا تنظیم کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی غیر مستحکم کرنے نہیں دیا جائے گا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے خون سے اپنے ملک کی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کی ہے، آج ہم جس مقام پر ہیں وہ ہزاروں بیٹوں کی جانوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہیں، مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔

Army Chief General Qamar bajwaMilitary Academy KakulPak ArmyPakistanpassing out paradespeech