آسٹریلوی بزرگ نے دنیا کے معمر ترین دادا کا گنیز ریکارڈ اپنے نام کرلیا

کینبرا: 91 سال کی عمر میں آسٹریلوی بزرگ نے پہلی بار دادا بن کر دنیا کے معمر ترین دادا کا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
چارلس اسمتھ کی عمر اس وقت 91 سال اور 209 دن تھی جب ان کی پوتی ازلا اسمیتھ پیدا ہوئی، یہ بچی ان کے بیٹے ایشلے اسمتھ اور بہو ہانا اسمتھ کے ہاں پیدا ہوئی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے چارلس کو پہلی بار 91 برس کی عمر میں دادا بننے پر دنیا کا معمر ترین دادا قرار دے دیا۔
چارلس اسمتھ نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ 55 برس کے تھے تب ان کے بیٹے ایشلے کی پیدائش ہوئی تھی، تاہم پوتی کے ساتھ ان کا فوراً ہی مضبوط تعلق قائم ہوگیا۔
انہوں نے کہا جب میں نے اپنی پوتی کو گود میں اٹھایا تو واپس دینے کا دل نہیں چاہ رہا تھا، سوائے ڈائپر تبدیل کرنے کے وقت کے۔
ایشلے اسمتھ نے کہا کہ ان کے والد صرف ریکارڈ ہولڈر ہی نہیں بلکہ ایک متاثر کن شخصیت بھی ہیں۔
ایشلے کے مطابق میرے والد کی سب سے خاص بات یہ ہے یہ خودمختار ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی کو بھرپور طریقے سے گزار رہے ہیں، آسٹریلیا میں کیمپر وین کے ذریعے سفر کرتے ہیں اور مورٹن بے میں کشتی رانی بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمر نے ان کے والد کی سرگرمیوں کو کم نہیں کیا بلکہ وہ پہلے سے زیادہ متحرک نظر آتے ہیں، ان کا مثبت رویہ اور مضبوط دوستوں کا حلقہ ان کی شخصیت کو ظاہر کرتا ہے اور شاید ان کی زیادہ چائے پینے کی عادت بھی اس میں کردار ادا کرتی ہو۔