اداکارہ مومنہ اقبال کا ہراسانی کیس کے تمام ثبوت سامنے لانے کا اعلان

لاہور: ٹی وی اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی رکنیت معطل نہ کیے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے ہراسانی سے متعلق تمام مبینہ ثبوت سوشل میڈیا پر سامنے لانے کا اعلان کردیا۔
مومنہ اقبال نے ایک انسٹاگرام اسٹوری میں الزام عائد کیا کہ وہ پہلے دن سے مطالبہ کررہی ہیں کہ ثاقب چدھڑ کو ان کے عہدے سے معطل کیا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل اور اثرورسوخ کو مبینہ طور پر ان کے خلاف استعمال نہ کرسکیں۔
مومنہ نے دعویٰ کیا کہ لیگی ایم پی اے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کررہے ہیں اور ان کے گھر پر مبینہ طور پر لوگوں کو بھیجا گیا۔
مومنہ اقبال نے تفتیش پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام ہے، اس سے اور اس کی اہلیہ سے ان کے بقول مناسب تحقیقات نہیں کی گئیں۔
اداکارہ مومنہ اقبال نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے کو چھوڑنے والی نہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنے پاس موجود تمام ثبوت سوشل میڈیا پر پیش کردیں گی، تاکہ عوام خود فیصلہ کرسکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور کی سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی گرفتاری کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے دونوں کو بے گناہ قرار دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لے لی تھیں۔