اداکار زوہاب خان اور وانیہ ندیم نکاح کے بندھن میں بندھ گئے

کراچی: چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے کیریئر شروع کرنے والے نوجوان اداکار زوہاب خان نے ٹک ٹاکر اور اداکارہ وانیہ ندیم سے نکاح کرلیا۔
کراچی میں 5 مئی کو زوہاب خان اور وانیہ ندیم کے نکاح کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اس نوجوان جوڑی کے اہل خانہ، قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
زوہاب خان نے اپنے نکاح کے خاص موقع پر سفید رنگ کا کُرتا پاجامہ زیب تن کیا جب کہ اُن کی دلہنیا وانیہ ندیم بھی سفید رنگ کے خوبصورت لہنگے میں بہت ہی حسین لگ رہی تھیں۔
اس جوڑی کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں، جہاں مداحوں کی جانب سے نوجوان جوڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی مبارک باد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ دسمبر 2023 میں زوہاب خان نے میٹا ٹینمنٹ نامی یوٹیوب چینل کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں اُنہوں نے اپنی اور وانیہ ندیم کی شادی کا عندیہ دیا تھا۔
وانیہ ندیم معروف ٹک ٹاک اسٹار ہیں، اُنہوں نے کچھ عرصہ قبل ہی اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھا ہے۔

Actor Zuhab KhankarachiNikkahTiktoker Wania Nadeem