ملزمہ انمول پنکی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ، پروٹوکول دینے پر وزیر داخلہ اور آئی جی کا نوٹس

کراچی: شہر قائد میں منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحے کے کیس میں پولیس نے گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کو پروٹوکول دینے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کی شفاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سوال کیا کہ ملزمہ کو پروٹوکول کیسے دیا گیا؟ ذمے دار اہلکار وضاحت پیش کریں، انہوں نے ملزمہ کو پروٹوکول فراہم کرنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا بھی حکم دے دیا۔
ضیاء لنجار نے کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ متاثر کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، عدالتوں میں ملزمان کو غیر ضروری پروٹوکول دینا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، سندھ حکومت قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ادھر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی ملزمہ پنکی کی پیشی کے دوران ایس او پی اور قواعد کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لے لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعے کی مفصل ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ غفلت، کوتاہی کے مرتکب تفتیشی افسر، عملے کو فوری معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے سینئر افسر تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ایڈشنل آئی جی خود اس واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کریں گے، ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی، کمیٹی جلد از جلد ذمے داروں کا تعین یقینی بنائے گی۔
کراچی پولیس چیف نے بھی ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی انکوائری کی ہدایت کردی۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے واضح کیا کہ قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس کے تمام افسران و اہلکار قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ بغیر ہتھکڑی ملزمہ کی پیشی پر ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں گارڈن پولیس نے آج کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی سے پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد کی گئیں۔
پولیس کے مطابق انتہائی مطلوب اور 10 مقدمات میں مفرور ملزمہ شہر میں منشیات ڈیلنگ و سپلائی کے نیٹ ورک کو آپریٹ کررہی تھی۔
ملزمہ آن لائن منشیات کو مخصوص رائیڈرز کے ذریعے سپلائی کرتی تھی، اس کے علاوہ وہ خواتین رائیڈرز کا بھی استعمال کرتی تھی۔