نئی دہلی: بھارت میں ایسا حیرت انگیز طبی واقعہ سامنے آیا ہے جس نے نہ صرف عام لوگوں بلکہ ماہرینِ طب کو بھی حیرت میں مبتلا کر دیا، جہاں ایک خاتون نے صرف پانچ دن کے دوران چار بچوں کو جنم دے دیا۔
یہ غیر معمولی واقعہ بھارتی شہر مراد آباد میں پیش آیا، جہاں ایک مسلم خاتون آمنہ نے مسلسل دو مختلف دنوں میں چار بچوں کو جنم دیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایک ایسا کیس ہے جس میں ایک ہی زچگی کا عمل پانچ دن تک جاری رہا، جو میڈیکل لحاظ سے نہایت نایاب تصور کیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آمنہ نے 9 مئی کو اپنے پہلے بچے کو جنم دیا جب کہ باقی تین بچوں کی پیدائش 14 مئی کو ہوئی۔ ان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ تمام بچوں کی پیدائش نارمل ڈیلیوری کے ذریعے ہوئی جب کہ عام طور پر اس نوعیت کے کیسز میں آپریشن کو ترجیح دی جاتی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کا حمل ابتدا ہی سے ’’ہائی رسک‘‘ قرار دیا گیا تھا، تاہم مسلسل نگرانی کے باوجود ڈیلیوری کا یہ منفرد سلسلہ پانچ دن تک جاری رہا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ماں اور چاروں نومولود اس وقت طبی نگرانی میں ہیں اور ان کی حالت نسبتاً مستحکم ہے، تاہم احتیاط کے طور پر انہیں اضافی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس کیس کی نگرانی کرنے والی میڈیکل ٹیم کی قیادت ڈاکٹر شبھرا اگروال کررہی ہیں، جنہوں نے اسے اسپتال کی تاریخ کا ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ چار بچوں کی پیدائش مکمل طور پر نارمل ڈیلیوری کے ذریعے ہوئی ہو اور وہ بھی وقفے وقفے سے پانچ دن کے اندر۔
یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بھی دلچسپی کا مرکز بن گئی، جہاں صارفین نے حیرت، خوشی اور مزاحیہ تبصروں کے ساتھ اس واقعے کو شیئر کیا۔ کئی افراد نے اسے قدرت کا معجزہ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹروں اور ماں کی ہمت کو سراہا، جبکہ کچھ صارفین نے دلچسپ تبصرہ کیا کہ ایک ہی بار میں پورا خاندان مکمل ہو گیا۔