اسلام آباد: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 5 روپے کی کمی کردی۔
پٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ حکومت پاکستان نے اگلے ہفتے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے اور اس کا اطلاق 16 مئی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے کی کمی کی گئی، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 409 روپے 58 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
پٹرول کی قیمت میں بھی فی لیٹر 5 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 414 روپے 78 پیسے سے کم ہوکر 409 روپے 78 پیسے ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا تھا، جس کے باعث پٹرول کی فی لیٹر قیمت بڑھ کر 414 روپے 78 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 414 روپے 58 پیسے ہوگئی تھی۔
حکومت نے اس سے قبل 29 اپریل کو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 19 روپے 39 پیسے اور پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کردیا تھا۔